in

محمد عامر سے متعلق چیف سلیکٹر نے کیا کہا؟

پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹرانضمام الحق نے ریٹائرڈ فاسٹ باؤلر محمد عامر کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے ممکنہ راستے کا بتادیا۔ 
یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آئندہ آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ عامر کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔ 
انضمام نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے سلیکشن کا دروازہ بند نہیں ہے، محمدعامر عظیم کرکٹر رہے ہیں مگر انہوں نے قومی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ اگر وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے تو اسے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا ہوگی اور وہاں پرفارم کرنا ہوگا۔ اگر وہ کارکردگی دکھاتا ہے تو اس پر ضرور غور کیا جائے گا۔

صحافیوں کی جانب سے قومی کرکٹر سرفراز احمد، محمد عامر اور عماد وسیم کی قومی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوالات کیے گئے جس کا چیف سلیکٹر نے جواب دیا۔ 

انضمام الحق نے کہا کہ سلیکشن میرے پاس ہے لیکن میں کسی کے لیے کوئی دروازہ بند نہیں کر سکتا۔ ٹیم کی سلیکشن میں کوئی کمیٹی نہیں ہوتی صرف کپتان اور کوچ بیٹھتے ہیں اور آپس میں صلاح و مشورہ کرتے ہیں۔ عماد وسیم ہوں، سرفراز احمد یا شان مسعود سب کے لیے سلیکشن اوپن ہے وہ ڈومیسٹک کرکٹ سمیت کہیں بھی کارکردگی دکھائیں تو ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ 
چیف سلیکٹر نے محمد عامر کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ بہت اچھا کرکٹر ہے لیکن اس نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ اگر محمد عامر پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے تو دروازے کھلے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کو ضرور مدنظر رکھا جائے گا جب کہ کون سا کھلاڑی کون سی لیگ کھیل رہا ہے اس کو بھی مانیٹر کریں گے، کسی بھی کھلاڑی کو کارکردگی اور پاکستان کی ضرورت پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ 
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے سابق پیسر محمد عامر 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوئے اور آج کل فرنچائز کرکٹ میں سرگرم ہیں۔

Written by admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

aaa

نسیم شاہ کی سرجری